وفاقی حکومت کا کفایت شعاری پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ

image

وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات پر قابو پانے کے لیے رواں مالی سال بھی کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے منظوری دے دی ہے، جس کے بعد فیصلہ عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کفایت شعاری پالیسی کے تحت گزشتہ تین سال سے خالی پڑی تمام سرکاری آسامیاں ختم کر دی جائیں گی جبکہ نئی آسامیوں کی تخلیق پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔

حکومت نے رواں مالی سال کے دوران سرکاری محکموں کے لیے ہر قسم کی نئی گاڑیوں، مشینری اور آلات کی خریداری پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ حکومتی اخراجات پر بیرون ملک علاج اور غیر ضروری سرکاری غیر ملکی دوروں پر بھی پابندی بدستور نافذ رہے گی تاکہ سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ آئندہ چند روز میں کفایت شعاری کے ان اقدامات سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی جس کے بعد تمام وفاقی وزارتوں اور اداروں کو ان فیصلوں پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US