سعودی عرب کی نئی عمرہ پالیسی، کھانے کا ووچر بھی لازمی قرار

image

سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے نئی عمرہ پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے یکم ربیع الاول سے اس پر مرحلہ وار عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت عمرہ ویزہ حاصل کرنے کے لیے ہوٹل بکنگ اور ٹرانسپورٹ ووچر کے ساتھ کھانے کا ووچر بھی لازمی ہوگا۔

سعودی وزارت الحج و العمرہ کے مطابق عمرہ ویزہ جاری کرنے کے لیے زائرین کو ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کی تصدیق شدہ بکنگ کے علاوہ فی رات 20 سعودی ریال مالیت کا فوڈ ووچر بھی فراہم کرنا ہوگا۔ اس نئے نظام پر عمل درآمد نسک پلیٹ فارم کے ذریعے کیا جائے گا۔

ابتدائی مرحلے میں اس پالیسی کا اطلاق پاکستان، بھارت، مصر اور بنگلا دیش سے آنے والے عمرہ زائرین پر کیا جائے گا۔ وزارت نے اس مقصد کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقریباً 10 ہزار ریسٹورنٹس کو نسک پلیٹ فارم سے منسلک کر دیا ہے تاکہ زائرین کو معیاری، محفوظ اور منظم غذائی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزارت کے مطابق عمرہ زائرین کی آمد سے واپسی تک تمام انتظامات کو مربوط اور شفاف بنانے کے لیے عمرہ کمپنیوں، ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والے اداروں کو بھی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال عمرہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی متعدد کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ ان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے تھے جبکہ نئی منظور شدہ عمرہ کمپنیوں کو نسک پلیٹ فارم سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ تمام خدمات جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت مؤثر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US