جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس آج، مختلف ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی اور مستقلی پر غور ہوگا

image

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا جس میں سندھ، اسلام آباد اور پشاور ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی اور مستقلی سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پانچ ایڈیشنل ججز کی تعیناتی سے متعلق اجلاس دوپہر 2 بجے ہوگا۔ اجلاس میں دو ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے اور آئینی بینچز کی مدت میں توسیع کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ایڈیشنل ججز کی تعیناتی سے متعلق اجلاس دوپہر 3 بجے منعقد ہوگا، جبکہ پشاور ہائیکورٹ میں پانچ ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے معاملے پر اجلاس شام 4 بجے ہوگا۔

جوڈیشل کمیشن کے ایجنڈے میں پشاور ہائیکورٹ کے دو ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کا معاملہ بھی شامل ہے جس پر اجلاس کے دوران غور کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے مختلف ہائیکورٹس میں عدالتی امور کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US