وزیراعظم شہباز شریف نے اسپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسپین کی قومی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی مہارت، اتحاد، نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث وہ اس اعزاز کی حقیقی حقدار قرار پائی۔
وزیراعظم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی کامیاب میزبانی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی عالمی ایونٹ کے لیے مثالی انتظامات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کینیڈا اور میکسیکو کی حکومتوں اور عوام کو بھی مشترکہ میزبانی میں بہترین شراکت داری پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور پوری فیفا ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے فٹبال ایک حقیقی عالمی کھیل کے طور پر مزید مضبوط ہوا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ فیفا ورلڈ کپ نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ کھیل ایک ایسی عالمی زبان ہے جو سرحدوں سے بالاتر ہو کر انسانیت کو جوڑتی اور باہمی احترام، دوستی اور اتحاد کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جذبہ فائنل کے اختتام کے بعد بھی دنیا بھر میں برقرار رہے گا۔