انتظامیہ کی غفلت، دبئی سے چھٹیاں منانے لاہور آئی ننھی پری سوئمنگ پول میں جاں بحق

image

دبئی سے گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے لاہور آنے والی 9 سالہ رحمین فاطمہ کی ایک نجی واٹر پارک میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں جان چلی گئی۔ اہلِ خانہ کے مطابق خوشیوں سے بھرا یہ سفر چند لمحوں میں قیامت میں بدل گیا، جب ننھی بچی سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے اچانک لاپتا ہوگئی۔

رحمین اپنے ننھیال مصری شاہ میں مقیم تھی اور 13 جولائی کو خاندان کے دیگر بچوں کے ساتھ جلو موڑ کے قریب واقع ایک نجی واٹر پارک گئی تھی۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ کچھ دیر بعد بچی نظر نہ آنے پر انہوں نے فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دی، مگر طویل تلاش کے بعد اس کی لاش پول کے ڈرینیج سسٹم کے تیسرے مین ہول سے برآمد ہوئی، جس کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے واٹر پارک کے منیجر سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔

غم سے نڈھال والد محمد ندیم نے بتایا کہ رحمین ان کی شادی کے نو سال بعد پیدا ہوئی تھی اور وہ ان کی اکلوتی بیٹی تھی۔ ان کا الزام ہے کہ بچوں کے پول میں موجود ہونے کے باوجود ڈرینیج ہول کھول دیے گئے تھے اور وہاں کسی قسم کا حفاظتی جنگلہ بھی نصب نہیں تھا۔ ان کے بقول یہ محض غفلت نہیں بلکہ ایک ایسا سنگین لاپروائی کا واقعہ ہے جس نے ان سے ان کی واحد بیٹی ہمیشہ کے لیے چھین لی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US