بھارت میں مون سون کی شدید بارشوں نے مختلف ریاستوں میں تباہی مچادی، جہاں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ کے مختلف واقعات میں ایک ہی روز کم از کم 26 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو ہونے والی موسلا دھار بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر مقبوضہ کشمیر، ناگالینڈ اور اتراکھنڈ رہے۔ مقبوضہ کشمیر کے ہمالیائی علاقوں میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے یا لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ مقامات پر ملبہ ہٹا کر لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں تک رسائی دشوار ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق راجوری اور پونچھ اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی ریلوں نے سڑکوں، رہائشی مکانات، کاروباری مراکز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا، جبکہ متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوگئے۔