نوشہرہ ورکاں: رائس مل کی دیوار گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، 2 زخمی

image

نوشہرہ ورکاں کے علاقے تتلےعالی میں شدید بارش کے باعث زیرِ تعمیر رائس مل میں پیش آنے والے حادثے میں ایک مزدور جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بارش کے دوران زیرِ تعمیر رائس مل کی ایک دیوار کمزور ہو کر گر گئی، جس کے نتیجے میں سلیپوں پر مشتمل چھت بھی زمین بوس ہوگئی۔ حادثے کے وقت دیوار کے قریب کام کرنے والے تین مزدور ملبے تلے دب گئے۔

حادثے میں 55 سالہ محمد یونس ولد محمد رمضان، سکنہ محلہ اسلام پورہ تتلےعالی، موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ 26 سالہ ارسلان ولد ظفر اور 27 سالہ ثاقب ولد غلام نبی زخمی ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبے تلے دبے مزدوروں کو باہر نکالا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجرانوالا منتقل کردیا گیا۔

حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام نے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US