نورین نیازی کا بیان ذاتی رائے ہے، پارٹی پالیسی نہیں، بیرسٹر گوہر

image

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے نورین نیازی کے متنازع بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے، اسے پارٹی پالیسی نہ سمجھا جائے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے معرکۂ حق میں پاکستان کو بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی عطا کی اور اگر دشمن نے دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی تو اسے پہلے سے بھی زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مسلح افواج کی قربانیوں اور شہداء کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کیا جائے اور اس معاملے پر محتاط طرزِ عمل اختیار کیا جائے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ اسی صورت میں ملک مضبوط ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے معاملات کو دوبارہ چھیڑنے کے بجائے آگے بڑھنے پر توجہ دی جانی چاہیے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کا شیڈول تبدیل کرکے انہیں تین مراحل میں تقسیم کر دیا گیا ہے، تاہم پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ تاحال برقرار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US