وفاقی حکومت کا مالی سال 27-2026 میں بھی کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کا فیصلہ

image

وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے دوران سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت وزارت خزانہ نے نئے مالی سال کے لیے کفایت شعاری اقدامات کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے اخراجات پر مؤثر کنٹرول اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے کفایت شعاری اقدامات کی منظوری دی ہے۔ یہ ہدایات تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، خود مختار اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز، سرکاری ملکیتی اداروں اور قانونی (اسٹیچوٹری) باڈیز پر یکساں طور پر لاگو ہوں گی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کفایت شعاری سے متعلق یہ اقدامات وفاقی حکومت کی لازمی ہدایات تصور کیے جائیں گے جن پر تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔

وزارت خزانہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ تمام وزارتیں اور ڈویژنز مقررہ پالیسی پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں جبکہ کفایت شعاری کمیٹی کو صرف ٹھوس وجوہات کی بنیاد پر کیس ٹو کیس رعایت دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد غیر ضروری اخراجات میں کمی اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US