گوجرانوالہ میں واپڈا کے مبینہ ناقص ٹرانسفارمر نے ایک اور گھر کو سوگ میں ڈبو دیا۔ علامہ اقبال روڈ کے علاقے محلہ بختے والہ میں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق نوجوان کی شادی صرف سات ماہ قبل ہوئی تھی، مگر ایک لمحے میں خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا۔
علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ متعلقہ ٹرانسفارمر پہلے بھی جان لیوا حادثات کا سبب بن چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسی ٹرانسفارمر کی وجہ سے ماضی میں بھی ایک بچے کی جان جا چکی ہے، لیکن اس کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔
ادھر پاکپتن کے نواحی علاقے چک 33 ایس پی میں مسلسل بارش ایک اور خاندان پر قیامت بن کر ٹوٹی۔ بوسیدہ مکان کی چھت اچانک گرنے سے دو کمسن بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کی والدہ زخمی ہوگئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی خاتون اور بچوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور فلیش فلڈ نے بھی تباہی مچا دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 12 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں 6 مرد، 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 14 افراد زخمی ہوئے، جن میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ مسلسل بارشوں کے باعث متعلقہ اداروں نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔