ایرانی وزیر داخلہ کا این ڈی ایم اے کا دورہ، جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور پیشگی وارننگ سسٹم کی تعریف

image

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا اہم دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران ایرانی وفد کو این ڈی ایم اے کے حکام کی جانب سے ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اپنائے گئے جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور پیشگی وارننگ سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان کس طرح جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے آفات کے خطرات کا قبل از وقت تعین کرنے اور نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

ایرانی وزیر داخلہ اور ان کے وفد نے این ڈی ایم اے کے جدید نظام اور ٹیکنالوجی پر مبنی اس ماڈل کی بھرپور تعریف کی اور ادارے کی صلاحیتوں کو سراہا۔ اس موقع پر پاکستان اور ایران کے درمیان آفات سے نمٹنے کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسیع کرنے پر باقاعدہ اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک کی جانب سے اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ قدرتی آفات جیسے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا اور معلومات کا تبادلہ ناگزیر ہے۔ اس دورے کا مقصد خطے میں آفات کے دوران مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US