پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کی مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت

image

پاکستان سمیت آٹھ عرب اور اسلامی ممالک نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی وزرا اور آبادکاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین اور تاریخی حیثیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

پاکستان، مصر، ترکیے، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ اعلامیے میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی جھنڈا نصب کرنے اور اسرائیلی وزرا کی فوج کی حمایت سے کی گئی اشتعال انگیز کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے صحن میں ٹینٹ نصب کیے اور دیگر اقدامات کے ذریعے مقدس مقام کی حرمت کو پامال کیا، جبکہ مسلمانوں کی عبادت میں رکاوٹ ڈالنے اور بیت المقدس کے قدیم شہر تک رسائی پر عائد پابندیاں فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے میں زور دیا گیا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کا تاریخی، قانونی اور آبادیاتی تشخص تبدیل کرنے کی اسرائیلی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ اعلامیے کے مطابق مسجد اقصیٰ کا پورا 144 دونم رقبہ صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے اور اس کے انتظامی اختیارات صرف اردن کے محکمہ اوقاف کے پاس ہیں۔

آٹھوں ممالک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو بیت المقدس کے اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پر غیرقانونی اقدامات سے روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US