مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ تیل کی ترسیل بھی متاثر ہونے لگی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 100.5 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو گزشتہ دو ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 91.65 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
دوسری جانب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث دنیا کی اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکرز کی تعداد بھی کم ہو کر گزشتہ دو ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کے روز صرف ایک آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیو جائنٹ نامی جہاز، جس میں تقریباً 20 لاکھ بیرل عراقی خام تیل لدا تھا، آبنائے ہرمز عبور کرنے کے بعد چین کی ریژاؤ پورٹ کی جانب روانہ ہوا۔