ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے منجمد اثاثے استعمال کرنے کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی اصولوں کے خلاف اور خطرناک مثال قرار دیا ہے۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ کسی دوسرے ملک کے اثاثے ضبط کر کے انہیں غیر متعلقہ مستقبل کے دعوؤں کی ادائیگی کے لیے استعمال کرنا انتہائی اشتعال انگیز اقدام ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومتیں دوسرے ممالک کے اثاثے ضبط کرنے کو معمول بنا لیں تو پھر دنیا میں کسی بھی ملک کے اثاثے محفوظ نہیں رہیں گے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر عدم استحکام اور انتشار پیدا ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکا اپنی تحویل میں موجود ایران کے منجمد فنڈز کو بحری جہازوں، ان کے مال بردار سامان اور متعلقہ نقصانات کے ازالے کے لیے استعمال کرنا شروع کرے گا جس پر تہران نے سخت اعتراض اٹھایا ہے۔