بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آنے والی ایک غیر معمولی شادی نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو حیران کر دیا جہاں دو سگی بہنوں اور ان کی ایک کزن نے ایک ہی شخص سے شادی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع امروہہ کے دھوریا گاؤں سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ ساروج، 19 سالہ ساوتری اور 18 سالہ سنتوش سوشل میڈیا کے لیے ویڈیوز بناتی ہیں۔ تینوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے 17 جولائی کو چامنڈا ماتا مندر میں اپنے کیمرامین وکاس عرف وِکو کے ساتھ شادی کی۔
رپورٹس کے مطابق اس غیر معمولی شادی کا معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ واقعہ تیزی سے زیرِ بحث آ گیا اور مختلف حلقوں میں اس پر تبصرے کیے جانے لگے۔
تینوں خواتین کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنی مرضی سے کیا کیونکہ وہ ایک دوسرے سے الگ نہیں رہنا چاہتی تھیں۔ ان کے مطابق یہی وجہ تھی کہ انہوں نے ایک ہی شخص کو اپنا شریکِ حیات بنانے کا فیصلہ کیا۔
یہ انوکھی شادی اب سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بنی ہوئی ہے جہاں کچھ صارفین اسے حیران کن قرار دے رہے ہیں جبکہ بعض افراد اس پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔