وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکائی 47 ڈیٹا سینٹر ”قراقرم ون“ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جسے پاکستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاح کے موقع پر وزیراعظم کو ڈیٹا سینٹر کے مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ”قراقرم ون“ کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور جدید ڈیجیٹل خدمات کے لیے مضبوط اور محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ یہ مرکز مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ جیسے جدید تقاضوں کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ملک کو ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی جانب لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے منصوبے کو جدید ٹیکنالوجی کا شاندار نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے مختصر عرصے میں اس معیار کا منصوبہ مکمل ہونا متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور صلاحیت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور منصوبے میں شریک اداروں بالخصوص زیڈ ٹی ای کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد، محنت اور مضبوط عزم سے بڑے سے بڑا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکائی 47 جیسے منصوبے پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل، معاشی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک کے دفاعی اور معاشی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکائی 47 ڈیٹا سینٹر کا افتتاح پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے نئے دور کا آغاز ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ ملکی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ڈیٹا سے مؤثر فیصلے کرنے اور مصنوعی ذہانت کو معاشی ترقی میں تبدیل کرنے کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کی عالمی معیشت میں کامیابی محفوظ، کم لاگت اور مؤثر مصنوعی ذہانت کے استعمال سے وابستہ ہوگی، جبکہ پاکستان اس شعبے میں اپنی افرادی قوت اور وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔