بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں میڈیکل داخلہ امتحان (نیٹ) کی تیاری کرنے والی ایک طالبہ نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انکیتا سانگلے امتحان میں صرف 166 نمبر حاصل کرنے کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی اور اسی کیفیت میں اس نے انتہائی قدم اٹھا لیا۔
رپورٹس کے مطابق ہفتے کی شام تقریباً ساڑھے چار بجے اہلِ خانہ نے انکیتا کو اس کے کمرے میں مردہ پایا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور تفتیش کے دوران مراٹھی زبان میں تحریر کیا گیا ایک خط بھی برآمد کیا، جسے ابتدائی طور پر سوسائیڈ نوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
اپنے آخری پیغام میں انکیتا نے والدین سے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکی۔ اس نے یہ بھی ذکر کیا کہ اس کے والدین نے اس کی تعلیم اور تیاری کے لیے اپنی بہت سی خواہشات قربان کیں اور ہر مرحلے پر اس کا ساتھ دیا، مگر وہ امتحان کے نتیجے کے بعد پیدا ہونے والا ذہنی بوجھ برداشت نہ کرسکی۔
طالبہ نے اپنے بھائی سے درخواست کی کہ وہ والدین کا خیال رکھے۔ واقعے کے بعد مقامی پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔