اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو امریکا پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرقِ وسطیٰ کی سیکیورٹی صورتحال، ایران سے متعلق امور اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، ایران سے متعلق مشترکہ حکمت عملی اور علاقائی استحکام کے لیے ممکنہ اقدامات بھی زیر غور آئیں گے۔ تاہم امریکی اور اسرائیلی حکام کی جانب سے ملاقات کے ایجنڈے کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی خدشات، ایران سے متعلق بڑھتی کشیدگی اور سفارتی سرگرمیاں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق صدر ٹرمپ اور وزیراعظم نیتن یاہو کی ملاقات کے نتائج نہ صرف امریکا اور اسرائیل کے باہمی تعلقات بلکہ مشرقِ وسطیٰ کی آئندہ سفارتی اور سیکیورٹی صورتحال پر بھی اہم اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔