مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، خام تیل 3 فیصد سے زائد مہنگا

image

ایران کی جانب سے میزائل حملوں اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ابتدائی ایشیائی ٹریڈنگ کے دوران برینٹ اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 3.67 فیصد اضافے کے بعد 82.17 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا جبکہ برینٹ کروڈ 3.39 فیصد اضافے کے ساتھ 86.94 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے تاہم اس واقعے کے بعد سرمایہ کاروں میں مشرق وسطیٰ سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کے باعث تیل کی رسد سے متعلق خدشات بڑھ جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تیزی سے اوپر چلی جاتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US