امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.29 ڈالر کمی کے بعد 89.45 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 56 سینٹ یا 0.66 فیصد سستا ہو کر 83.90 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار رہنے کے باوجود تیل بردار جہازوں کی معمول کے مطابق آمدورفت جاری ہے، جس کے باعث سپلائی سے متعلق خدشات میں کمی آئی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں نیچے آ گئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن میں جنگی خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جہاں برینٹ خام تیل 7.91 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 6.56 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا تھا۔