کیلیفورنیا کے ساحل پر ڈوبتے بچے کو بچانے والے لائف گارڈ کو بڑا اعزاز ملے گا

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیلیفورنیا کے ساحل پر سمندر کی خطرناک لہروں میں ڈوبتے ہوئے بچے کی جان بچانے والے بہادر لائف گارڈ کو وائٹ ہاؤس مدعو کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ نوجوان کو اس کی جرات اور بہادری کے اعتراف میں اعلیٰ شہری اعزاز سے نوازا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانٹا کروز کے سی برائٹ بیچ پر اچانک اٹھنے والی طاقتور اور خطرناک لہروں کی زد میں آ کر ایک بچہ سمندر میں ڈوبنے لگا۔ صورتحال دیکھتے ہی وہاں موجود ایک لائف گارڈ نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فوری طور پر سمندر میں چھلانگ لگا دی اور بچے کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس بہادر نوجوان اور اس کے اہل خانہ کو وائٹ ہاؤس مدعو کریں گے تاکہ اس کی جرات اور فرض شناسی کے اعتراف میں اسے اعلیٰ شہری اعزاز سے نوازا جا سکے۔

دوسری جانب کیلیفورنیا اسٹیٹ پارکس کے مطابق سانٹا کروز ڈسٹرکٹ کے لائف گارڈز نے طاقتور لہروں کے دوران مجموعی طور پر 34 افراد کی جانیں بچائیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحرالکاہل میں آنے والے طوفانوں کے باعث کیلیفورنیا کے ساحلوں پر خطرناک لہروں اور تیز سمندری رؤوں کا خطرہ یکم اگست تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US