یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر گورنمنٹ وقار النساء کالج راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کی مذمت کی گئی۔
تقریب میں وفاقی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر دانیال چوہدری، شازیہ رضوان، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ناصر ندیم، رکنِ قومی اسمبلی راجہ قمر الاسلام سمیت دیگر معزز شخصیات، اساتذہ، طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کا خاتمہ بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
تقریب کے دوران کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کرکے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا، جسے شرکاء نے خوب سراہا۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی، استحکام اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔