گھر کی مرمت یا چھت کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض کیسے حاصل کریں؟

image

حکومت نے کم آمدن والے خاندانوں کے لیے گھروں کی مرمت، خستہ حال چھتوں کی بحالی اور بالائی منزل کی تعمیر کے لیے بلا سود قرضے فراہم کرنے کا پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت اہل افراد 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک قرض حاصل کر سکتے ہیں تاکہ اپنے گھر کی ضروری تعمیر و مرمت مکمل کر سکیں۔

حکومت نے اس منصوبے کے لیے دو الگ کیٹیگریز رکھی ہیں۔ ایک "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت مکمل ہاؤسنگ قرض جبکہ دوسری صرف چھت کی مرمت اور بحالی کے لیے مخصوص ہے۔ درخواست گزار پنجاب کا مستقل رہائشی، نادرا سے تصدیق شدہ شناختی کارڈ کا حامل اور شہری علاقوں میں 5 مرلہ یا دیہی علاقوں میں 10 مرلہ تک رہائشی جائیداد کا مالک ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ عمر 21 سے 60 سال کے درمیان ہو، کسی بینک یا مالیاتی ادارے کا نادہندہ نہ ہو اور اس کا ریکارڈ صاف ہونا بھی ضروری ہے۔

درخواست دینے کے لیے امیدوار سرکاری پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد متعلقہ قرض کی کیٹیگری منتخب کریں اور شناختی کارڈ، جائیداد کی ملکیت کا ثبوت (فرد) اور گھر کی موجودہ تصاویر اپ لوڈ کریں۔ عوام کی سہولت کے لیے پنجاب بھر میں ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ دفاتر میں ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مزید رہنمائی کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن 0800-09100 بھی جاری کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US