حج 2027: اخراجات کی وصولی کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی، ادائیگیاں صرف ایک بینک کے ذریعے ہونگی

image

حج 2027 کے اخراجات جمع کرانے کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت اس بار ادائیگیاں 14 مختلف بینکوں کے بجائے صرف ایک بینک کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق سرکاری اور نجی حج اسکیموں کے اخراجات کی وصولی کے لیے حبیب بینک کا انتخاب کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت عازمین حج کو رقم جمع کرانے کے لیے لازمی طور پر بینک برانچ جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ وہ گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی بھی کرسکیں گے۔ تاہم برانچ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت صرف حبیب بینک میں دستیاب ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حج 2027 کے اخراجات وصول کرنے کے لیے متعدد بینکوں نے دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم ملک گیر نیٹ ورک، ڈیجیٹل سہولیات اور خدمات کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے حبیب بینک کا انتخاب کیا گیا۔ وزارتِ مذہبی امور اور حبیب بینک کے درمیان جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے، جس کے بعد سرکاری حج اسکیم سے متعلق تمام مالی معاملات اسی بینک کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی اگست کے وسط میں شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ درخواستوں کے اجراء کا باقاعدہ شیڈول بھی جلد جاری کیا جائے گا۔

حج 2027 کے لیے پاکستان کا مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں سے 60 فیصد یعنی ایک لاکھ 7 ہزار 832 عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے، جبکہ 40 فیصد کوٹے کے تحت 71 ہزار 888 عازمین نجی حج اسکیم کے ذریعے حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US