پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے پر پیش رفت، مذاکرات جلد مکمل کرنے پر اتفاق

image

وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی تجارتی نمائندے سفیر جیمیسن گریئر سے ورچوئل ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری مذاکرات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے واشنگٹن میں ہونے والی حالیہ بات چیت کو یاد کرتے ہوئے مذاکراتی ٹیموں کی جانب سے ہونے والی نمایاں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی تجارتی فریم ورک سے متعلق معاہدہ جلد از جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترجیحات کے پیشِ نظر مذاکرات کی رفتار برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی حکمتِ عملی کو تقویت دے گی، معیشت کو مزید مستحکم بنائے گی اور دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے لیے نئے تجارتی مواقع پیدا کرے گی۔

انہوں نے امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

اس موقع پر امریکی تجارتی نمائندے سفیر جیمیسن گریئر نے مذاکرات میں پاکستان کے مسلسل مثبت کردار کو سراہتے ہوئے لیبر اور ریگولیٹری اصلاحات، خصوصاً جبری مشقت سے متعلق قوانین پر ہونے والی پیش رفت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تجارتی مذاکرات کو مثبت انداز میں آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے اور باقی معاملات بھی تکنیکی سطح پر بات چیت کے ذریعے جلد حل کیے جا سکتے ہیں۔

دونوں فریقوں نے مذاکرات کے موجودہ مرحلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تکنیکی سطح پر رابطوں میں مزید تیزی لانے اور باہمی تجارتی فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا، تاکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US