عیسیٰ نگری میں بجلی و پانی کی بندش پر احتجاج، پولیس اور ٹریفک اہلکار غائب، گاڑیو ں کی طویل قطاریں

image

عیسیٰ نگری کے علاقے میں بجلی اور پانی کی طویل اور بدترین بندش کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے، جس کے باعث آس پاس کی مرکزی شاہراہوں پر شدید ترین ٹریفک جام ہوگیا۔

علاقہ مکینوں نے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حسن اسکوائر سے ناظم آباد جانے والی مرکزی سڑک کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا۔ سڑک بلاک ہونے کی وجہ سے دونوں اطراف گاڑیوں کی کئی کلومیٹر طویل قطاریں لگ گئیں اور شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

اس وقت حسن اسکوائر سے ناظم آباد جانے والی سڑک پر شہری گزشتہ دو گھنٹے سے زائد وقت سے گاڑیوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور سخت گرمی و حبس میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

احتجاج اور ٹریفک کی اس بدترین صورتحال کے باوجود ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹریفک پولیس کے حکام مکمل طور پر غائب ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے اور متبادل راستوں کی فراہمی یا ٹریفک کی روانی بحال کرانے کے لیے کوئی تدارک نہیں کیا جاسکا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک بجلی اور پانی کی فراہمی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل نہیں ہوتا، ان کا احتجاج جاری رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US