پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں احتجاج

image

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں جماعت اسلامی کی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ سید سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ سید نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جس کے باعث غریب اور متوسط طبقے کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ٹیکسوں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور اشیائے خورونوش پر عائد بھاری محصولات نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث غریب مزید غریب جبکہ امیر مزید امیر ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پر پیٹرولیم لیوی اور مختلف ٹیکسوں کی صورت میں اضافی بوجھ ڈال کر ان کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے جبکہ تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبوں پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔

عائشہ سید نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے میدان میں نکلی ہے اور مہنگائی کے خلاف یہ احتجاجی تحریک ملک بھر میں جاری رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر عوام پر عائد غیر ضروری ٹیکسوں اور پیٹرولیم لیوی میں کمی کرے تاکہ غریب طبقے کو ریلیف مل سکے اور انہیں تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتیں میسر آ سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل تک اپنی پرامن احتجاجی تحریک جاری رکھے گی اور حکومت پر زور دیتی رہے گی کہ مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US