میر رضا کیس: قبر کشائی رک گئی، والد نے میڈیکل بورڈ کی تبدیلی پر اعتراض اٹھا دیا

image

نوجوان تاجر میر رضا علی کے والد نے میڈیکل بورڈ کی تبدیلی پر اعتراض کرتے ہوئے قبر کشائی سے روک دیا۔ میر رضا کے والد نے بیٹے کی قبر کشائی کے لیے بنائے گئے میڈیکل بورڈ میں تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات کے اندھیرے میں میڈیل بورڈ تبدیل کردیا گیا ہے۔اس لیے موجودہ صورتحال میں قبر کشائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے پولیس سرجن اور پولیس کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا مگر حیران کن طور پر رات کے وقت بورڈ تبدیل کر دیا گیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ حیدرآباد کا اس کیس سے کیا تعلق ہے اور انہیں میڈیکل بورڈ میں تبدیلی کا اختیار کس نے دیا؟ جبران ناصر کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر نے آٹھ روز گزرنے کے باوجود مدعی کا بیان بھی ریکارڈ نہیں کیا جبکہ ایک باپ اپنے جوان بیٹے کے قتل پر انصاف کا منتظر ہے۔

جبران ناصر نے مزید کہا کہ آٹھ روز تک گولی کا خول نہیں ملا، لیکن اچانک گزشتہ روز برآمد ہونے کا دعویٰ سامنے آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ قبر کشائی کوئی معمولی کارروائی نہیں بلکہ ایک حساس قانونی عمل ہے اس لیے شفاف تحقیقات یقینی بنائے بغیر قبر کشائی نہیں ہونے دی جائے گی۔ ان کے مطابق اس حوالے سے مجسٹریٹ بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں۔

دوسری جانب میر رضا علی کیس سے متعلق حاصل ہونے والی تصاویر نے بھی کئی نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ تصاویر کے مطابق مقتول کی شرٹ پر گولی کا واضح نشان موجود ہے جبکہ کپڑے سے دھاگے بھی باہر نکلے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ تصاویر میں پاؤں پر زخم نما نشانات اور دائیں جانب پسلیوں پر تشدد جیسے آثار بھی نمایاں ہیں۔

ادھر پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے ایس پی ایسٹ کو لکھے گئے خط میں ڈاکٹر اسامہ شیخ کی تیار کردہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں متعدد سنگین خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔ خط کے مطابق لاش کے ایکسرے نہیں کیے گئے گولی کے انٹری زخم پر بارود کے ذرات کا کیمیائی تجزیہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی فارنزک اصولوں کے مطابق تصاویر لی گئیں۔

پولیس سرجن نے مزید لکھا کہ انٹری اور ایگزٹ زخموں کی ہڈیوں سے متعلق تفصیلات رپورٹ میں موجود نہیں جبکہ انٹری زخم کا سائز ایگزٹ زخم سے بڑا درج کیا گیا ہے جو غیر معمولی امر ہے۔ ان کے مطابق دونوں زخموں کی دوبارہ جانچ اور تصدیق ناگزیر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US