وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے سرکاری وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
وفد نے عمرہ کی ادائیگی سے قبل کعبہ شریف کی زیارتِ خاص کی سعادت حاصل کی جس کے بعد عمرہ ادا کیا۔
عمرہ کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی وفد نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد و سلامتی، پاکستان کی استحکام اور خطے سمیت پوری دنیا میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔