فشریز سیکٹر کے فروغ کے لیے مراعاتی اسکیم متعارف کرانے کی تجویز

image

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس میں سمندری غذائی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے اور فشریز سیکٹر کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں ماہی گیری کی برآمدات بڑھانے کے لیے کارکردگی پر مبنی مراعاتی اسکیم متعارف کرانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ اس مقصد کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ موجودہ ٹیکس نظام کو برقرار رکھتے ہوئے برآمد کنندگان کو مراعات فراہم کی جائیں گی تاکہ برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر اور شفاف مراعاتی نظام سے پاکستانی سمندری غذائی مصنوعات کی عالمی منڈی میں مسابقت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فش ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے قومی ایوارڈز متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے جس کا مقصد بہترین کارکردگی دکھانے والے برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق گزشتہ سال پاکستان کی سمندری غذائی مصنوعات کی برآمدات 568 ملین ڈالر تک پہنچیں جبکہ حکومت کا ہدف اس شعبے کی استعداد کو مزید بہتر بنا کر برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ماہی گیری کا شعبہ نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کمانے بلکہ روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کا بھی اہم ذریعہ ہے، اس لیے حکومت اس شعبے کی ترقی اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US