پاکستان سے تعلق رکھنے والے مسلم اور مسیحی مذہبی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر مشتمل ایک وفد نے امریکا کے نیشنل پریس کلب میں منعقد ہونے والی نیشنل کولیشن اگینسٹ ہیٹ کی دوسری سالانہ کانفرنس میں شرکت کی۔
عالمی کانفرنس میں 70 سے زائد مذہبی، سماجی اور شہری تنظیموں کے نمائندے شریک ہوئے جن کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا، مذہبی آزادی کا تحفظ یقینی بنانا اور دنیا بھر میں نفرت، تعصب اور عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحانات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا تھا۔
یہ کانفرنس امریکن مسلم اینڈ ملٹی فیتھ ویمنز ایمپاورمنٹ کونسل کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں، امریکی قانون سازوں، پالیسی سازوں، ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران بین المذاہب تعاون کو مضبوط بنانے، مذہبی آزادی کے فروغ، آن لائن انتہا پسندی، مذہبی منافرت کے سدباب اور پرامن معاشروں کی تشکیل کے لیے عملی تجاویز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاکستانی وفد نے کانفرنس کے دوران مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مختلف مذاہب کے درمیان باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ وفد کے ارکان نے بتایا کہ پاکستان میں بین المذاہب مکالمے، امن سازی، سماجی ہم آہنگی اور مذہبی انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مقررین نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اس وژن پر کاربند ہے جس کے مطابق ملک کے تمام شہری، خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب یا عقیدے سے ہو برابر کے حقوق اور مساوی شہریت کے مستحق ہیں۔
کانفرنس سے امریکی کانگریس کے ارکان گریگ اسٹینٹن اور بریڈ شنائیڈر نے بھی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ انیلا علی، معروف مصنفہ دارا ہورن، اینٹی ڈیفیمیشن لیگ کے نمائندوں اور ڈاکٹر چارلس ایشر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے مذہبی نفرت کے خاتمے، اظہارِ مذہب کی آزادی کے تحفظ، سوشل میڈیا پر انتہا پسندانہ مواد کی روک تھام اور امن و رواداری کے فروغ میں خواتین کے اہم کردار پر زور دیا۔
کانفرنس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے، مذہبی آزادی کے تحفظ، نفرت اور تعصب کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے اور دنیا بھر میں انسانی وقار، مساوات اور بنیادی حقوق کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
کانفرنس میں پاکستان کی شرکت اس بات کا اظہار ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی، پرامن بقائے باہمی اور مختلف مذاہب کے درمیان احترام و تعاون کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہے۔