ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سامنے آیا ہے۔
ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ مہنگی، 9 اشیاء سستی جبکہ 22 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پیاز کی قیمت میں 10.1 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 9.19 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ دال چنا، گھی اور آٹے سمیت متعدد اشیائے خورونوش بھی مہنگی ہوئیں۔ دوسری جانب ٹماٹر کی قیمت میں 6.82 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ایل پی جی، چینی، انڈے اور آلو بھی سستے ہونے والی اشیاء میں شامل رہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 100 روپے تک اضافہ دیکھا گیا۔ اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 133 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ کراچی میں قیمت بڑھ کر 3 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔
اسی طرح راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 93 روپے، پشاور میں 3 ہزار 100 روپے، بنوں میں 2 ہزار 950 روپے، بہاولپور میں 2 ہزار 960 روپے، حیدرآباد، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں 2 ہزار 800 روپے تک فروخت ہوتا رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق سرگودھا میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 793 روپے، کوئٹہ میں 2 ہزار 750 روپے، خضدار اور لاڑکانہ میں 2 ہزار 600 روپے، سکھر میں 2 ہزار 560 روپے جبکہ لاہور میں 2 ہزار 300 اور فیصل آباد میں 2 ہزار 200 روپے تک ریکارڈ کی گئی۔