وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی کارکردگی پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے کہا کہ انہوں نے 30 سال کا سفر صرف 3 سال میں طے کیا ان کا شکریہ۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان کی کارکردگی بھی چیک کی جائے، ان کی اپنی کابینہ اجلاسوں میں حاضری تقریباً 70 فیصد ہے۔
محسن نقوی نے اپنی کارکردگی پر اٹھنے والے سوالات کے جواب میں اپنے عملی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کارکردگی کا جائزہ اعداد و شمار اور عملی نتائج کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ محسن نقوی کے دورِ وزارتِ اعلیٰ پنجاب میں لاہور میں متعدد بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل اور شروع کیے گئے۔ انہوں نے گلشنِ راوی، سمن آباد انڈر پاس کا افتتاح کیا، 440 میٹر طویل اس منصوبے نے سمن آباد موڑ اور ملتان روڈ کو گلشنِ راوی سے منسلک کیا جس سے روزانہ 2 لاکھ سے زائد گاڑیوں کو سفری سہولت ملتی ہے۔
اسی طرح اکبر چوک فلائی اوور اور انڈر پاس منصوبہ بھی محسن نقوی کے دور میں فروری 2023 میں شروع کیا گیا، جس کا مقصد لاہور میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا تھا۔ منصوبے سے روزانہ تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کو سفر کی سہولت میسر آئی ہے۔
محسن نقوی کے دور میں لاہور میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، اہم شاہراہوں پر سفری سہولت بڑھانے اور شہریوں کو جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام کیا گیا تھا ۔