مصطفیٰ عامر قتل کیس: کارروائی میں تاخیر پر سندھ ہائی کورٹ کی برہمی، ٹرائل کورٹ سے ریکارڈ طلب

image

مقتول مصطفیٰ عامر کی والدہ نے اپنے بیٹے کے قتل اور دیگر متعلقہ مقدمات کی کارروائی میں غیر معمولی تاخیر اور سست روی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے مقدمات کی پیشرفت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی ہے کہ کیس کا تمام تر ریکارڈ فوری طور پر عالیہ عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔

سماعت کے دوران عدالت عالیہ کے فاضل جج نے کیس کی قانونی حیثیت اور چالان سے متعلق دریافت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا پولیس نے کارروائی کے دوران مقدمے میں قتلِ عمد کی بنیادی دفعہ 302 کو شامل کردیا تھا؟

اس پر مدعیہ کے کونسل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ارمغان کے خلاف اس واقعے کے علاوہ بھی متعدد دیگر سنگین مقدمات زیرِ التوا ہیں، تاہم ملزم قانونی شقوں کا سہارا لے کر اور عدالت کے سامنے مختلف تاخیری حربے استعمال کر کے کارروائی کو التوا کا شکار بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

مدعیہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم کے تاخیری حربوں اور نچلی عدالتوں میں مقدمات کی سست روی کے باعث لواحقین کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور انصاف کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر ہو رہی ہے۔ عدالت عالیہ نے تمام استدعا اور دلائل سننے کے بعد کیس کے تمام دستاویزات اور ٹرائل کورٹ کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی۔

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US