وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج کو مکمل ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے، اب عازمین گھر بیٹھے حج درخواستیں جمع کراسکیں گے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کا کوٹہ مختص ہے درخواستوں کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی اور پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کوٹہ مکمل ہونے تک جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ 40 سے 42 روز کے لانگ حج کے اخراجات 12 لاکھ روپے جبکہ 20 سے 22 روزہ شارٹ حج کے اخراجات 13 لاکھ روپے ہوں گے۔
وفاقی وزیر کے مطابق حج اخراجات کی ادائیگی کریڈٹ کارڈ، پی ایس آئی ڈی یا چالان کے ذریعے کی جاسکے گی جبکہ دوسری قسط اکتوبر میں وصول ہوگی۔ نجی عازمین پاک حج ایپ کے ذریعے پرائیویٹ آپریٹر کا انتخاب کرسکیں گے، تاہم رقم براہ راست آپریٹر کو جمع نہ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔