آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی، رانا ثناء اللہ

image

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں دو تہائی اکثریت حاصل کرکے حکومت تشکیل دے گی، دھرنے اور احتجاج کرنے والے آزاد کشمیر کے انتخابات کا عمل روکنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ عوام کو ورغلانے اور دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے، احتجاج کرنے والوں کو اب معلوم ہوگیا ہوگا کہ وہ انتخابی عمل نہیں روک سکے۔ منتخب حکومت عوام کے جائز مطالبات پر ضرور غور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک حلقے کے تین پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ روکنے کی کوشش کی گئی جبکہ اپنی شکست کو دھاندلی کا رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک رکن کی وفات کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ مذکورہ رکن دل کے عارضے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما آج اور اس سے قبل بھی دھاندلی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، تاہم وہ اپنے الزامات کے کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ مرحلہ وار انتخابات دھاندلی کے مترادف ہیں، درست نہیں کیونکہ پیپلز پارٹی خود آزاد کشمیر میں مرحلہ وار انتخابات کے انعقاد پر متفق تھی۔ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے پیپلز پارٹی کے مطالبے کو ہی تسلیم کرتے ہوئے مرحلہ وار انتخابات کا فیصلہ کیا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پرامن انتخابی عمل کو اس انداز میں متاثر کرنا کسی صورت جمہوری طرز عمل نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے بعد فراخ دلی کا مظاہرہ کیا تھا۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سیاسی حکمت عملی پر نظرثانی کرے اور انتخابی نتائج کو تسلیم کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر اسے مبارکباد دے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US