میر رضا کیس: مقتول کے اہل خانہ کی درخواست پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل مؤخر

image

صوبائی وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ مقتول کے اہل خانہ کی درخواست پر فی الوقت مؤخر کردیا ہے۔

وزیرِ داخلہ سندھ نے بتایا کہ میئر کراچی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میر رضا کی والدہ سے کیس کی تحقیقات کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سندھ حکومت نے ابتدائی طور پر تحقیقات میں مکمل شفافیت اور غمزدہ خاندان کے خدشات کو دور کرنے کے لیے عدالتی انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم، نئی پولیس تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کے بعد، مقتول کے اہل خانہ نے اس پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور درخواست کی ہے کہ یہی ٹیم اپنی تحقیقات جاری رکھے۔

ضیاء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ اہل خانہ کی جانب سے نئی پولیس ٹیم پر اعتماد کے اظہار اور انہی سے تحقیقات کرانے کی درخواست کے پیشِ نظر حکومت نے فی الوقت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا عمل روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ کے وزیرِ داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US