اسلحہ سے لیس ہو کر احتجاج پی ٹی آئی کا وتیرہ بن چکا ہے، عطاء اللہ تارڑ

image

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولپنڈی مال روڈ پر فائرنگ کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کی سیاست کرنا اور اسلحہ سے لیس ہو کر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وتیرہ بن چکا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا، مسلح ہو کر دن دیہاڑے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ قابل مذمت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی بھی کال دی ہے، ان کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں کہ وہ ہمیشہ اسلحہ سے لیس ہو کر آئے۔ پی ٹی آئی نے اپنے احتجاجوں میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو شہید کیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی، ان کے مقاصد اور عزائم پوری قوم دیکھ چکی ہے، ان کا کوئی ایک احتجاج بھی پرامن نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے واقعے سے بہت سی چیزیں دنیا کے سامنے آئی ہیں، پی ٹی آئی کارکن سے پی ٹی آئی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق یہ لوگ ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کی ترقی پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہو رہی، یہ ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کر دیتے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ ثابت ہوچکا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں، یہ امن و امان کو تباہ کرکے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تشدد پی ٹی آئی کا نظریہ ہے، انہوں نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت ملک کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے، ان شاء اللہ پاکستان ترقی کرتا رہے گا۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ پاکستان اور پاکستانی عوام کو ہر محاذ پر فتح حاصل ہوگی اور دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US