یومِ آزادی کے موقع پر مسلح افواج پاکستان نے وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری، امن اور ترقی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا دفاع اور قوم کی حفاظت ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
مسلح افواج کے جوانوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے وہ ہر وقت چوکس اور تیار ہیں۔ دشوار گزار پہاڑی علاقوں سمیت مختلف محاذوں پر تعینات جوان ملکی دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔
جوانوں کا کہنا تھا کہ وطن کے تحفظ کے ساتھ ملک میں امن و استحکام کے قیام اور قومی ترقی کے عمل میں بھی اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ پاکستان کی سلامتی اور عوام کے روشن مستقبل کا تحفظ ان کے فرائض میں شامل ہے۔
مسلح افواج کے جوانوں نے کہا کہ پاکستان ان کی شناخت اور وطن کا دفاع ان کا قومی فرض ہے، جس کی انجام دہی ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ملکی سلامتی کے لیے مسلح افواج ہر وقت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے موجود ہیں۔
جوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی خودمختاری، امن اور سلامتی کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور ملک کو مضبوط، محفوظ اور ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھا جائے گا۔
مسلح افواج کے جوانوں نے یومِ آزادی پر پوری قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع اور خدمت ان کے لیے اعزاز ہے اور وطن کے محافظ کی حیثیت سے وہ اپنی ذمہ داریاں پوری وفاداری اور عزم کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔