سیوتا سرحد کھولنے کی افواہ، مراکش اور اسپین میں سیکیورٹی سخت

image

مراکش اور اسپین کی سرحد پر ممکنہ اجتماعی غیر قانونی داخلے کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مراکش کے شہر فنی دق میں سیکڑوں تارکین وطن سرحد کی جانب جانے کی کوشش کر رہے تھے، جس کے بعد مراکشی پولیس اور اسپین کی سیکیورٹی فورسز نے سرحدی علاقے میں اضافی نفری تعینات کردی۔

نئی اجتماعی بارڈر کراسنگ کے خدشے کے باعث اسپین کی جانب سے بھی مزید فوجی اور سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ مراکش نے سرحد پر پولیس کی بھاری نفری پہنچا دی ہے۔ سرحدی راستوں پر رکاوٹیں اور خاردار تاریں بھی نصب کردی گئی ہیں۔

مراکشی وزارت داخلہ کے مطابق غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی میں اضافے کی بڑی وجہ سوشل میڈیا اور مختلف آن لائن فورمز پر پھیلنے والی وہ افواہیں ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 15 اگست کو سیوتا کی سرحد تارکین وطن کے لیے کھول دی جائے گی۔

اسپین نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سیوتا کی سرحد نہ تو کھولی گئی ہے اور نہ ہی اسے کھولنے کا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہسپانوی سول گارڈ کے مطابق سرحد پر معمول کے مطابق سخت نگرانی جاری ہے۔

واضح رہے کہ سیوتا اور میلیلا شمالی افریقا میں واقع اسپین کے دو خودمختار علاقے ہیں، جو یورپی یونین کی افریقا کے ساتھ واحد زمینی سرحدیں بھی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ماضی میں بھی بڑی تعداد میں تارکین وطن نے سیوتا میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، جس کے دوران بعض واقعات میں جانی نقصان بھی ہوا۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر مراکش اور اسپین دونوں جانب حکام نے کسی بھی نئی اجتماعی سرحدی پیش قدمی کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات مزید بڑھا دیے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US