ایرانی فوج نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مفادات اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
ایرانی فوج کے مطابق امریکا اور اسرائیل کو مکمل شکست دینے تک مزاحمت سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا، جبکہ ایرانی عوام کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ فوج کا کہنا ہے کہ عوام کے جائز مطالبات سے بھی دستبردار نہیں ہوں گے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
دوسری جانب ایران نے قطر پر ایرانی پائلٹس سے متعلق تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق قطر نے ایرانی تفتیش کاروں کو تحقیقات آگے بڑھانے سے روک دیا ہے اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی کو قطر میں داخلے کی اجازت دینے سے بھی انکار کیا ہے۔
ایرانی حکام نے قطر سے مطالبہ کیا ہے کہ ایرانی پائلٹس سے متعلق تحقیقات کے لیے ماہرین کو ملک میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایرانی ماہرین کئی ماہ سے تحقیقات کے لیے قطر کی اجازت کے منتظر ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے متعلقہ ماہرین کو قطر جانے اور ضروری شواہد کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرنا ضروری ہے۔