اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے غزہ کے حوالے سے ایک سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کو وہاں ہر رات 30 سے 40 افراد کو ہلاک کرنا چاہیے۔
انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اسرائیلی وزیر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فوجی کارروائی صرف ان افراد تک محدود نہیں ہونی چاہیے جنہیں خطرہ سمجھا جاتا ہے۔ ان کے بقول غزہ میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو زندہ رہنے کے قابل نہیں اور انہیں انسان نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
بن گویر کے بیان پر ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر نے غزہ میں ہلاکتوں کے لیے روزانہ 30 سے 40 افراد کی تعداد مقرر کرنے کی بات کی ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی بے دخلی اور غزہ میں یہودی بستیوں کی تعمیر سے متعلق بیانات کو محفوظ کیا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں اسرائیلی حکام کے احتساب اور قانونی کارروائی کے دوران انہیں بطور ثبوت پیش کیا جاسکے۔