ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا، ہر سفر سے پہلے نیا سروس پیکیج اور پرمٹ لازم

image

سعودی عرب نے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزے کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ویزا رکھنے والے زائرین ہر بار صرف ویزے کی بنیاد پر اپنی مرضی سے مملکت کا سفر نہیں کرسکیں گے۔

نئے طریقہ کار کے تحت ایک سال کے لیے کارآمد ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا رکھنے والے اہل زائرین اس کی مدت کے دوران متعدد مرتبہ سعودی عرب میں داخل ہوسکتے ہیں، تاہم ہر نئے عمرہ سفر سے قبل متعلقہ سروس پیکیج حاصل کرنا اور عمرہ پرمٹ لینا ضروری ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے جولائی میں ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرایا تھا، جو اجرا کی تاریخ سے 365 دن تک مؤثر رہتا ہے۔ اس ویزے کے ذریعے اہل افراد ایک سال کے دوران ایک سے زیادہ مرتبہ سعودی عرب کا سفر کرسکتے ہیں۔

حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ صرف ملٹی پل انٹری ویزا کا حامل ہونا ہر وقت سعودی عرب پہنچنے کی اجازت نہیں دیتا۔ ہر مرتبہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے مقررہ طریقہ کار مکمل کرنا ہوگا۔

ضابطے کے مطابق اگر کوئی زائر ایک ہی سال میں دوسری یا تیسری مرتبہ عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب آنا چاہتا ہے تو اسے ہر نئے سفر سے قبل تازہ سروس پیکیج حاصل کرنا ہوگا، جس کے بعد عمرہ پرمٹ جاری کیا جائے گا۔

سعودی حکام کے مطابق اس وضاحت کا مقصد زائرین کے لیے سفری اور عمرہ ادائیگی کے طریقہ کار کو واضح کرنا ہے تاکہ ویزا رکھنے والے افراد صرف ویزے کی بنیاد پر بغیر اضافی کارروائی کے سفر کرنے کی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہوں۔

یوں ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا زائرین کو سال کے دوران متعدد بار سعودی عرب جانے کی سہولت فراہم کرتا ہے، تاہم ہر عمرہ سفر کے لیے سروس پیکیج اور عمرہ پرمٹ کا حصول لازمی ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US