عمران خان کی صحت اور ملاقاتوں پر اڈیالہ جیل انتظامیہ کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

image

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق دو صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف شعبوں کے متعدد سرکاری معالجین باقاعدگی سے عمران خان کا طبی معائنہ کرتے ہیں اور ان کی صحت کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔

جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 تک طبی ماہرین کی جانب سے کیے گئے 39 چیک اپس کی سمری بھی شامل کی گئی ہے۔ جیل کے میڈیکل افسران دن میں تین مرتبہ بانی پی ٹی آئی کے کھانے پینے کی جانچ اور طبی معائنہ کرتے ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ماہر امراض چشم کی دیکھ بھال اور علاج کے بعد عمران خان کی ایک آنکھ تقریباً نارمل ہوچکی ہے۔

ملاقاتوں کے حوالے سے رپورٹ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کی جیل رولز کے تحت ہر منگل کو باقاعدگی سے ملاقات کرائی جاتی ہے اور اب تک ان کی 84 ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ وکیل سلمان صفدر بھی 10 فروری اور 4 اپریل 2026 کو جیل میں عمران خان سے مل چکے ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ جیل نے رپورٹ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے دی گئی اس یقین دہانی کا حوالہ بھی دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ملاقات کے بعد جیل کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو نہیں کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میڈیا ٹاک کی گئی اور جیل میں ملاقاتوں کو عدلیہ، خارجہ پالیسی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف عوامی جذبات ابھارنے کے لیے استعمال کیا گیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ، جس کی سربراہی جسٹس شاہد وحید کر رہے ہیں، عمران خان کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US