میئر کراچی نے صدر میں 'ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم چوک' کا افتتاح کردیا

image

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے صدر کے علاقے میں ’ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم چوک‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جسے انہوں نے اہل کراچی کے لیے محبت اور عقیدت کا ایک خوبصورت تحفہ قرار دیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور سٹی کونسل کے اراکین بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے اور یہ چوک شہریوں کی اسی عقیدت و احترام کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کے سامنے اس چوک کو بنانے کی درخواست رکھی گئی تو انہوں نے فوری طور پر اسے پورا کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنا وعدہ وفا کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب غلامِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں اور آپ کے بتائے ہوئے راستے پر عمل پیرا ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی میں بنیادی ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ شہر کی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی شناخت کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔ ان کی کوشش ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جنہیں آنے والی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ختم نبوت چوک کی دیکھ بھال کی ذمہ داری الیکٹرانک مارکیٹ کے تاجروں کی ہوگی۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے شہریوں کے جذبہ محبت و احترام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ اسی طرح انسانیت کی خدمت اور اپنے وعدوں کو پورا کرتے رہیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US