سری لنکا میں ڈاکٹروں نے ایک شخص کے مثانے سے 3.1 کلوگرام (6.8 پونڈ) وزنی پتھری نکال لی ہے، جس کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ یہ اپنی نوعیت کی اب تک ریکارڈ پر موجود سب سے بڑی پتھری ہے۔
سری لنکا میں ڈاکٹروں نے ایک شخص کے مثانے سے ایک بڑے سائز کی پتھری نکال لی ہے جس کا وزن ایک نومولود بچے کے برابر ہے۔سری لنکا میں ڈاکٹروں نے ایک شخص کے مثانے سے 3.1 کلوگرام (6.8 پونڈ) وزنی پتھری نکال لی ہے، جس کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ یہ اپنی نوعیت کی اب تک ریکارڈ پر موجود سب سے بڑی پتھری ہے۔
یہ آپریشن گذشتہ ہفتے ملک کے مشرق میں واقع شہر ٹرنکومالی کے ایک ہسپتال میں کیا گیا۔
55 سالہ مریض فالج کے بعد ہسپتال میں داخل ہوا تھا۔
تاہم علاج کے دوران ڈاکٹروں نے دیکھا کہ اسے پیشاب کرنے میں دشواری ہو رہی ہے، جس کے بعد انھیں اس کے مثانے میں پتھریوں کی موجودگی کا پتہ چلا۔
سرجری کے دوران ڈاکٹروں نے مثانے کی پتھری نکال دی۔ اس کا وزن حمل کی مکمل مدت کے بعد پیدا ہونے والے بچے کے برابر تھا اور اس کا حجم تقریباً شتر مرغ کے انڈے جتنا تھا۔
’امکان ہے یہ پتھری مریض کے مثانے میں پانچ سے 10 برس سے موجود تھی‘
سرجری کی سربراہی کرنے والے ڈاکٹر پراہالاہان بالاکرشنن نے بی بی سی سنہالہ کو بتایا کہ ’دستیاب ریکارڈ کے مطابق یہ اب تک دستاویزی شکل میں درج اور سرجری کے ذریعے نکالی جانے والی سب سے بڑی مثانے کی پتھری ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ مریض کی صحت ’بہت بہتر‘ ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق مریض اب بھی ہسپتال میں ہے اور دیگر طبی پیچیدگیوں کے لیے ان کا علاج جاری ہے۔
ڈاکٹر بالاکرشنن نے مزید بتایا کہ امکان ہے کہ یہ پتھری مریض کے مثانے میں پانچ سے 10 برس سے موجود تھی۔
مثانے میں پتھری کیسے بنتی ہے؟
مثانے کی پتھری اس وقت بنتی ہے جب پیشاب میں موجود معدنیات اکٹھی ہو کر جم جاتی ہیں اور ٹھوس گانٹھوں کی صورت اختیار کر لیتی ہیں۔
یہ عموماً اس وقت بنتی ہیں جب مثانہ مکمل طور پر خالی نہیں ہو پاتا، جس کے نتیجے میں پیشاب گاڑھا ہو جاتا ہے اور اس میں موجود معدنیات جم کر پتھری کی شکل اختیار کر سکتی ہیں۔
ریت کے ذروں جتنی چھوٹی مثانے کی پتھریاں خود بخود خارج ہو سکتی ہیں۔
لیکن ایک سینٹی میٹر سے بڑی پتھریاں اکثر پیشاب کے بہاؤ میں رکاوٹ بنتی ہیں اور طبی مداخلت کی ضرورت پیش آتی ہے۔
چار سینٹی میٹر سے بڑی مثانے کی پتھری کو دیوہیکل پتھری تصور کیا جاتا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق مثانے کی سب سے بڑی پتھری 2003 میں برازیل میں ایک مریض سے نکالی گئی تھی۔
اس کا وزن 1.9 کلوگرام (4.2 پونڈ) تھا اور اس کی لمبائی 17.9 سینٹی میٹر (سات انچ) تھی۔
گذشتہ ہفتے سری لنکا میں نکالی جانے والی مثانے کی پتھری کی لمبائی تقریباً 17 سینٹی میٹر تھی۔