اسپورٹس بورڈ پنجاب نے قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے صوبے بھر کے تمام سکولوں میں ہاکی کا سامان اور کٹس دینے کا بڑا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے سامان کی تقسیم کا عمل جلد شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت سب سے پہلے راولپنڈی ڈویژن میں 21 اگست کو ہاکی سامان اور کٹس تقسیم کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی جی مانیٹرنگ سکولز ایجوکیشن عبدالقیوم اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔
ڈائریکٹر ایڈمن کے مطابق صوبے کے تمام ڈویژنز میں مرحلہ وار ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم کی جائیں گی، جبکہ سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے باہمی تعاون سے اس سامان کی بلاتعطل اور مؤثر ترسیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔