سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے انہیں دو روز کے اندر اسپتال منتقل کرنے کا حکم جاری کیا تھا، جس پر عمل درآمد کے لیے حکومت کے پاس مقررہ وقت ختم ہونے میں چند گھنٹے ہی باقی رہ گئے ہیں۔
عدالتی احکامات کی پاسداری نہ ہونے کی صورت میں پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے وکلاء نے تمام ضروری تیاری کے بعد درخواست کی فائلنگ کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔
حکومتی اقدام کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی روکنے کے لیے دائر کی گئی نظرِ ثانی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس لوٹا دی تھی، جس کے بعد حکومت کی طرف سے فی الحال کوئی ترمیم شدہ درخواست دائر نہیں کی گئی۔
پی ٹی آئی کی قیادت کے مطابق حکومت کے پاس نظرِ ثانی درخواست کی واپسی کے بعد اب عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کے سوا اور کوئی راستہ باقی نہیں بچا ہے۔