بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل ایک ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

image

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی سیاسی قیادت اور عمائدین سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و استحکام، ترقی اور معاشی امکانات سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ بلوچستان باصلاحیت، باہمت، محب وطن اور باوقار عوام سے مالا مال ہے۔

انہوں نے کہا کہ واضح قومی بیانیہ، پائیدار امن اور استحکام بلوچستان کی حقیقی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور صوبے کے انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں، نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان دشمن عناصر کے غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسیز ہیں، جنہیں بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے، ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے غیر متزلزل، فیصلہ کن اور بھرپور ردعمل سے ناکام بنایا جائے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے عمائدین اور سماجی رہنماؤں کے امن کے فروغ، سماجی ہم آہنگی کے استحکام اور تعمیری قومی مکالمے کے لیے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن پروپیگنڈے کا بلا جھجھک اور جامع انداز میں مقابلہ، جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب اور بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔

ملاقات میں شریک عمائدین اور سیاسی رہنماؤں نے بلوچستان اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکا نے غیر ملکی سرپرستی میں امن و استحکام کو درپیش خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US