پاکستانی نوجوان کوہ پیما اسماء مشتاق اسپانٹک سر کرنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئیں

image

پاکستان کی نوجوان مسافر، ٹریول ولاگر اور کوہ پیما اسماء مشتاق ایک المناک حادثے میں جان کی بازی ہار گئیں۔ 7 فروری 1992 کو پیدا ہونے والی اسماء مشتاق کو پہاڑوں سے بے حد محبت تھی اور وہ کوہ پیمائی کی دنیا میں اپنے شوق اور مہم جوئی کے جذبے کے باعث جانی جاتی تھیں۔

اسماء مشتاق حال ہی میں پاکستان کے قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی سر کرنے والی مہم کا حصہ بنی تھیں۔ انہوں نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے چوٹی سر کی اور اس وقت ان کی طبیعت بالکل ٹھیک بتائی گئی۔

تاہم اصل سانحہ چوٹی سے واپسی کے دوران پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق نیچے اترتے ہوئے اسماء مشتاق کی طبیعت اچانک بلند مقام کی بیماری یعنی ہائی آلٹی ٹیوڈ سکنس کے باعث بگڑ گئی۔ ان کے گائیڈ نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ انہیں بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

اسماء مشتاق کی موت کی خبر نے ان کے ساتھی مسافروں، کوہ پیماؤں اور سوشل میڈیا صارفین کو افسردہ کردیا۔ ان کی پرانی پوسٹس دیکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی میں پہاڑوں، سمندروں اور قدرتی حسن سے محبت نمایاں تھی، یہی شوق انہیں پاکستان کے بلند ترین اور مشکل پہاڑوں تک لے گیا۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد ’’کراکرم کالنگ ٹریکس‘‘ متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے اور اسماء مشتاق کی میت واپس لانے کے انتظامات کے لیے رابطہ کاری کی جارہی ہے۔

ایک خواب، ایک چوٹی اور پھر واپسی کے سفر میں زندگی کا اختتام، اسماء مشتاق کی المناک موت نے ایک بار پھر یاد دلایا ہے کہ بلند پہاڑ جتنے خوبصورت ہوتے ہیں، اتنے ہی خطرناک بھی ہوسکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US